قرآن خود سمجھنے كے حوالے سے ايك عظيم الشان كاميابى
چند روز ميں سينكڑوں آيات كو
استاد كى مدد كے بغير براہ راست عربى ميں سمجھنے كيلئے ايك خصوصى طريقہ
الله تعالى كے فضل اور اسكى توفيق سے معھد اللغة العربية گزشتہ تين دہائيوں سے عربى زبان كى تعليم كو آسان اور دلچسپ بنانے كيلئے كوشاں رہا ہے اور اس ضمن ميں اسے نماياں كاميابياں حاصل ہوئى ہيں۔ ليكن گزشتہ ايك عشرے سے ہمارى خصوصى توجہ قرآن كريم كے فہم كے مقصد كيلئے موزوں نظام كى دريافت اور اسكى روشنى ميں فہم قرآن كيلئے زبردست اور آسان نصاب كى تيارى پر مركوز تھى۔
ہمارے پيش نظر ايك ايسا آسان اور قابل عمل طريقہ كار وضع كرنا تھا جس كے ذريعے ايك شخص:
- گردانوں اور غير ضرورى مسلط قواعد كے بغير
- مكمل اعتماد كے ساتھ
- قرآن پاك كے الفاظ اور محاوروں كا خيال ركھتے ہوئے
- استاد سے سنے بغير
اس قابل ہو كہ وه قرآن كريم كى آيات كو بتدريج (اَلحمدُلِلہِ رَبِّ العَالَمِين) سے (مِنَ الجِنَّةِ وَالنَّاس) تك خود سمجھ سكے۔ الله تعالى كى توفيق اور اسكے فضل سے اس ادارے نے (لفظ، قطعہ، جملہ اور آيت كا طريقہ كار) كے نام سے ايك مكمل فطرى نظام تشكيل دے ديا ہے جس ميں پہلے لمحہ سے ہى ہر طالب علم مكمل اعتماد اور سہولت كے ساتھ قرآن كريم كو سمجھنے كا آغاز كرديتا ہے۔ اس مكمل نظام كو عنقريب ايك كتاب”معلم القرآن“كى شكل ميں تين اجزا ميں طبع كيا جارہا ہے۔
ايك كامياب تجربہ..
اس نظام كى مكمل طاقت كا اندازہ لگانے كيلئے اور پہلے ٹيسٹ فائر كے طور پر راولپنڈى اور اسلام آباد ميں (15 جون سے 10 جولائى تك ”25 روزہ فہم قرآن پروگرام“ كا انعقاداس دعوت كے ساتھ كيا گيا كہ ”آئيے اور قرآن كريم“ خود سمجھئے۔ اس پروگرام ميں:
- 150 سے زائد افراد (مردوخواتين) نے شركت كى۔
- ان افراد كى عمريں 12 سال سے ليكر 85 سال كے درميان تھيں۔
- طلبہ، تاجر اور ملازمين الغرض ان افراد كا تعلق مختلف طبقوں سے تھا۔
- يہ سب طلبہ پہلى دفعہ قرآن كريم كو سمجھنے كيلئے كسى پروگرام ميں شريك ہوئے تھے۔
پہلے كامياب تجربہ كے نتائج
25 روز ميں 60 گھنٹے كى كلاسزكے بعد اس تجربہ كے نتائج مختصر طور پر يوں رہے:
- ہر طالب علم نے 1500 سے 1800 آيات كا ترجمہ خود كيا۔
- 90%سے زائد افراد نے اس كو مكمل كيا۔
- 95% افراد مزيد نے اس پروگرام كو اپنے تصور سے بھى زياده آسان قرار ديا۔
- مكمل كرنے والوں ميں سے بھى 100% افراد نے مزيد پڑھنے كى خواہش كا اظہار كيا۔
- 80% افراد پڑھنے سے پہلے خوف يا شك كا شكار تھے جبكہ كورس كے بعد ان افراد ميں سے 100% افراد مكمل اعتماد كے ساتھ ترجمہ قرآن كريم كررہے تھے۔
اس تجربہ كے سب سے دلچسپ اور اہم پہلو:
اس تجربے كے جو سب سے دلچسپ اور منفرد پہلو تھے وہ يہ ہيں:
- طلبہ نے جن 1500 سے 2000 آيات كا ترجمہ كيا، ان ميں سے ايك آيت كا ترجمہ بھى اساتذه نے نہيں كيا۔
- بلكہ طلبہ تدريجا پہلے قرآن كے الفاظ اور قطعوں، پھر جملوں اور آخر ميں آيات كو بھى خود ترجمہ كرتے چلے گئے۔
- اور سب سے بڑھ كر يہ كہ اس سارے عمل طريقہ كار ميں طالب علم كو نہ كوئى قاعده بتايا گيا نہ گردان رٹائى گئى ۔
- طالب علم اور قرآن كا براه راست تعلق پيداہوا۔ دونوں كے درميان كسى ثالث (حتى كہ استاد) كا بھى وجود نہيں تھا۔
- آيات كى اتنى بڑى تعداد كو خود سمجھنے اور ترجمہ كرنے كے بعد طلبہ نے وہ قواعد خود ہى سمجھ لئے جن كو پڑھانے كيلئے رٹے لگوائے جاتے ہيں اور گردانوں كے انبار لگاديے جاتے ہيں۔
- طلبہ قرآن كريم خود سمجھنے كے ساتھ ساتھ عربى زبان بول بھى رہے تھے۔ والحمد للہ على ذلك
طلبہ كى اس كورس كى تكميل پر بننے والى استعداد كا مزيد اندازہ لگانے كيلئے كورس كے اختتامى امتحان كا ايك صفحہ اس كتابچہ كے آخر ميں منسلك ہے جس سے آپ ان كى كاركردگى كا بخوبى اندازہ لگاسكتے ہيں۔
اس تجربہ كے بعد
اس كامياب تجربہ كے بعد ہم اس طريقہ كار كو پہلے مرحلہ ميں ملك بھر ميں اور پھر سارے عالم اسلام ميں فروغ دينے كيلئے ايك مضبوط منصوبہ بندى كے تحت كام كا آغاز كررہے ہيں۔ الله تعالى كى توفيق اور ا سكى مدد سے ہم جلد ہى پاكستان كى تاريخ ميں ايسے پروگراموں كا آغاز كررہے ہيں جو كہ ترجمہ قرآن كى تدريس كا رجحان بدل ديں گے اور كوئى طالب علم ايسا نہيں ہوگا جو يہ شكوہ كرے كہ قرآن كريم يا اس كى تدريس كا طريقہ كار مشكل تھا لہذا ميں سمجھ نہيں سكا۔ ان شاء الله۔ يہ پروگرام اختصار كےساتھ آپ كى خدمت ميں پيش كئے جارہے ہيں۔
پاكستان كى تاريخ ميں
پہلى دفعہ متعارف ہونے والے پروگرام
اللہ تعالى كى توفيق اور ا سكے فضل سے ہم پاكستان كى تاريخ ميں اپنى نوعيت كے چند منفرد پروگراموں كا آغاز كررہے ہيں اور ہميں يقين ہے كہ يہ پروگرام فہم قرآن كريم كے حوالے سے موجود تصورات، افكار اور طريقہ كار ميں بنيادى تبديلى كا باعث ہوں گے۔ ان شاء اللہ
حفاظ قرآن كريم كيلئے (50 روزہ) فہم قرآن اور عربى بول چال كورس
ايك خصوصى رہائشى پروگرام جسكى تكميل پر ايك حافظ قرآن يا حافظہ قرآن:
- مكمل قرآن كريم كو سمجھتے ہوئے اسكا ترجمہ خود كرسكے گا ۔
- نيز روانى سے عربى زبان ميں بات چيت كرسكے گا۔ ان شاء الله
كورس كے اختتام پر علماء كرام اور عرب اساتذه كو ان طلبا كے معيار كو پركھنے كى دعوت دى جائے گى۔اس سال كم از كم 300 حفاظ قرآن كريم ہمارا ہدف ہيں۔ اور يہى حفاظ آئندہ ملك بھر ميں اس نظام كے پھيلاؤ كى ٹيم ہونگے نيز عالم عرب كى مساجد ميں امامت اور خطابت كے فرائض سنبھالنے كے قابل بھى ہونگے۔
عام شہريوں كيلئے (الحمد سے والناس تك) خصوصى پروگرام
اسى طريقہ كار كى بنياد پر ايك عام شخص بھى اس قابل ہے كہ 6 ماہ ميں قرآن كريم كو الفاظ، محاوروں سميت سمجھتے ہوئے بآسانى مكمل كرسكے۔ يہ پروگرام بہت جلد سمعى وبصرى معاون وسائل كے ساتھ مزيد شاندار نتائج كا حامل ہوگا، اور عنقريب ملك بھر ميں اس كا دائرہ پھيلا ديا جائے گا۔ راولپنڈى اور اسلام آباد ميں اس كا آغاز فى الفور كيا جارہا ہے۔
يونيورسٹيوں اور كالجز ميں فہم قرآن كے (20 تا 30 روزه) مختصر مدت كے پروگرام
پاكستان بھر كى يونيورسٹيوں ميں مختصر مدت كے سيمينارز اور وركشاپس كے ذريعےطلبہ وطالبات كو اس طريقہ كار كے تحت قرآن كريم سمجھنے كا موقع فراہم كيا جائےگا۔نيز يونيورسٹيوں كو اس بات كا قائل كيا جائے گا كہ وہ گرايجويشن اور پوسٹ گرايجويشن ليول پر اسلاميات يا عربى كے مضمون ميں اس طريقہ سے قرآن كا ترجمہ سكھائيں ۔ اس مقصد كيلئے انہيں اساتذه بھى فراہم كئے جائيں گے۔
ٹى وى چينلز پر ”فہم قرآن“كے زبردست اور معيارى پروگرام كى تيارى
تحقيق كا سب سے مشكل مرحلہ عبور ہوچكا اور ان شاء اللہ آئندہ ايك سے دو سال ميں ہم اس قابل ہوں گے كہ پاكستانى ٹى وى چينلز پر اس طريقہ كار كے تحت قرآن كريم كى تدريس كا منفرد اور معيارى پروگرام شروع كرسكيں۔ اس سلسلے ميں ابتدائى كام شروع كيا جاچكا ہے۔
تربيت اساتذه پروگرام
اس طريقہ كار كو ملك بھر ميں عام كرنے كيلئے تربيت اساتذه كيلئے خصوصى كورسز منعقد كروائے جائيں گے جن كى قابل اطمينان تربيت كے بعد انہيں مختلف شہروں ميں يہ ادارہ اس طريقہ كار كے مطابق تدريس كى ذمہ دارى ديگا۔ ايك استاد كو اس طريقہ تدريس كى تربيت بآسانى 15 سےبيس دن ميں دى جاسكتى ہے۔ تربيت اساتذه كيلئے ہم وزرات تعليم اور وفاق كى سطح پر بھى رابطوں كے ساتھ ساتھ اسكولوں اور يونيورسٹيز كے اساتذہ سے بھى رابطہ شروع كررہے ہيں۔
تمام طبقوں كيلئے انكى سہولت كے مطابق قرآن كورسز
يہ طريقہ كار اتنا آسان ہے كہ ايك عام مڈل پاس بھى اسكے ذريعے بآسانى قرآن كريم سے منسلك ہو جاتا ہے۔ اس بات كو پيش نظر ركھتے ہوئے ہم الله تعالى كى توفيق سے اپنے فارغ التحصيل قابل طلبہ كے ساتھ ملكر عوام الناس كے ہر طبقہ تك اس كى سہولت كے مطابق قرآن كلاسز كے آغاز كريں گے۔ كيا ہر شخص قرآن كاحقدار نہيں؟ ان پروگراموں سے چند يہ ہيں:
- 1. سركارى اور غير سركارى دفتروں ميں ملازمين كيلئے (اس سلسلے كا آغاز ہو چكا ہے)
- 2. مساجد ميں نماز كے بعد دس منٹ كى قرآن كلاسز (اس سلسلے كا آغاز ہو چكا ہے)
- 3. محلے كى سطح پر بيس منٹ كى قرآن كلاسز (اس سلسلے كا آغاز ہو چكا ہے)
- 4. يونيورسٹىوں،كالجوں اور سكولوں ميں اساتذه اور سٹاف كيلئے
- 5. بازاروں ميں تاجروں كيلئے 15سے بيس منٹ كى قرآن كلاسز
- 6. ماركيٹس ميں كام كرنے والے وركرز، اليكٹريشنز، پلمبرز، كيلئے دس منٹ كى قرآن كلاسز
- 7. بس اڈوں اور ٹيكسى اسٹينڈز ميں ڈرائيورز كيلئے
- 8. پوليس اسٹيشن ميں موجود نفرى كيلئے
- 9. مختلف جيلوں ميں قيديوں كيلئے
الحمد للہ، نمبر 1 تا 3 پر ہمارے چار سينئير طلبہ نے ابتدائى كام شروع كرديا ہے۔ اميد ہے كہ رمضان 2014سے قبل اسلام آباد اور راولپنڈى ميں اس سلسلہ كو 40 سے زائد مقامات پر پھيلا ديا جائے گا۔ ان شاء الله
آن لائن كلاسز
اسى نظام كے تحت انٹرنيٹ پر آن لائن كلاسز كا آغاز كرديا گيا ہے۔ آن لائن كلاسز كا ايك مكمل الگ شعبہ اس مقصد كيلئے قائم كيا جا رہا ہےتاكہ اس سہولت كے ذريعے ہم دنيا بھر ميں قرآن كريم كو سمجھنے كے خواہش مند افراد كو يہ سہولت دے سكيں۔